اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤکے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیلات جلد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔روزنامہ جنگ کے مطابق بلوچستان کے وزیرِ تعلیم سر دار یار محمد رند کہتے ہیں کہ تعلیمی اداروں میں موسمِ سرماکی تعطیلات
یکم دسمبر سے ہوں گی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیا تعلیمی سال 3 ماہ کی تعطیلات کے بعد مارچ میں شروع کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافے کا رجحان جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران 8 طالب علموں سمیت کورونا کے 42 نئے مریض سامنے آگئے، جبکہ کورونا میں مبتلا 50 مریض صحت یاب ہو گئے۔دریں اثناملک بھر میں کورونا وائر س کی دوسری لہر شدت اختیار کر گئی ہے جس کے نتیجے میں 33 مزید افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ملک بھر میں کورونا کے 2 ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار 47، سندھ میں ایک لاکھ 56 ہزار 528، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 615، بلوچستان میں 16 ہزار 449، گلگت بلتستان میں 4 ہزار
461، اسلام آباد میں 24 ہزار 444 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 538 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کورونا وائرس کے3 لاکھ 24 ہزار 834 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور2 ہزار955 زیر علاج ہیں۔ کورونا وائرس کی دوسری لہرشروع ہو چکی ہے۔ دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔ این سی او سی کے مطابق ملک کے 15 شہروں میں کورونا وباتیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔