اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )6ماہ بعد مڈل کلاسز کا سلسلہ بھی بحال ہو گیا ۔ سرکاری و نجی سکولوں کی چھٹی ، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں پڑھائی کا آغاز ہو چکا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاوہ ملک بھر میں مڈل کلاسز بھی شروع کر دیں گئیں ہیں ، سکول کے پہلے دن بچے خوش دکھائی دیئے ، استاتذہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے
مڈل کلاسز کا آغاز ایک مثبت فیصلہ ہے ۔ حکومت نےسرکاری و نجی اسکولز کو سختی سے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔ جس کے بعد سکولز میں سینٹی ٹائزر ، فیس ماسک اور فاصلے کو ترجیح بنیادوں پر عمل درآمد کروایا جارہا ہے ۔دوسری جانب سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے بدھ کوکراچی کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج گلشن اقبال میں پرنسپل کی غیر موجودگی پر شوکاز نوٹس دینے کی ہدایت کی۔سعید غنی نے بدھ کی صبح سویرے گلشن اقبال میں نجی اسکول میں تدریسی نظام کاجائزہ لیا، اسکول میں داخل ہوتے وقت ہینڈ سینیٹائزر اور دیگر ایس او پیز کا فقدان تھا جس پر وزیرتعلیم نے اسکول انتظامیہ کو فوری ایس او پیز پوری کرنے کی ہدایت دی۔وزیرتعلیم نے گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج، گلشن اقبال کا بھی دورہ کیا، کالج میں پرنسپل کی غیر موجودگی، تدریس اور صفائی کے فقدان پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر متعلقہ پرنسپل کو شوکاز نوٹس دینے کی ہدایات دی۔وزیرتعلیم نے کہا کہ سیکرٹری کالجز فوری طور پر اس کالج کا دورہ کرکے یہاں کی صورتحال کو بہتر بنائیں۔