اسلام آباد(آن لائن )مالی سال2019-20 میں پاکستان ریلوے کا خسارہ 50ارب روپے تک پہنچ گیا ہے ،گذشتہ مالی سال کے دوران خسارہ کم ہو کر 32ارب 76کروڑ روپے سے زائد ہوگیا تھا تاہم کورونا وائرس سے ٹرینوں کی بندش نے خسارے میں اضافہ کردیا ہے۔وزارت ریلوے
کی جانب سے سینٹ کو بھجوائے جانے والے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے کے غیر آڈٹ شدہ حسابات کے مطابق مالیاتی خسارہ 50ارب 15کروڑ روپے سے زائد ہوگیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران یہ خسارہ 32ارب 76کروڑ روپے تھا ریلوے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2019/20کے دوران پاکستان ریلوے کے محصولات 47ارب 58کروڑ روپے سے زائد رہے اور حکومت کی جانب سے ریلوے کو 50ارب روپے کی سبسڈی دی گئی جبکہ مجموعی اخراجات 97ارب روپے رہے اسی طرح مالی سال 2018/19کے دوران ریلوے نے 54ارب 51کروڑ روپے کے محصولات اکھٹے کئے اور حکومت کی جانب سے 37ارب روپے کی سبسڈی دی گئی جبکہ مالی سال کے دوران مجموعی اخراجات 87ارب 28کروڑ روپے رہے ہیں اس سے قبل میاں نواز شریف کے دور حکومت کے اخری سال میں پاکستان ریلوے کے محصولات 49ارب57کروڑ روپے سے زائد رہے جبکہ حکومت کی جانب سے 38ارب 39کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی اور مجموعی اخراجات 86ارب 19کروڑ روپے رہے اور خسارہ 36ارب 62کروڑ روپے سے زائد رہا۔