کراچی(این این آئی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی تنظیم نو مرحلہ وار ہوگی۔پہلے مرحلے میں مرکز اور پنجاب کی سطح پر تنظیم نو ہوگی، ذرائع نے بتایاکہ پیپلز پارٹی اور پارلیمنٹیرینز کے مرکزی عہدوں پر اہم تبدیلیوں کا امکان ہے، پارٹی کے نائب صدر اور سیکرٹری جنرل سمیت اہم عہدوں کے لیے نئے نام طلب کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی شمالی پنجاب کے
صدر کے لیے نئے نام طلب کیے گئے ہیں، بلاول بھٹو اور ان کے والد آصف زرداری نے تحریری طور پر تجاویز مانگی ہیں، اس سلسلے میں سی ای سی ارکان کو نئے نام اور سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عہدوں پر تبدیلیوں کے لیے سفارشات بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو ارسال کی جائیں گی، حتمی فیصلہ دونوں رہنمائوں کی منظوری کے بعد ہوگا۔بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں پارٹی کی تنظیم نو دوسرے مرحلے میں ہوگی، ذرائع نے بتایاکہ سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی تنظیم نو کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔