ریاض (آن لا ئن )سعودی حکومت نے کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر ( ایس او پیز) پر عمل نہ کرنے والے ملازمین کو سخت سزائیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت انصاف نے دفاتر میں مصافحہ کرنے اور ماسک نہ پہننے والے ملازمین کیلئے سزائیں مقرر کی ہیں۔
وزارت نے تمام سرکاری و نجی دفاتر کی مکمل بحالی کی صورت میں کورونا سے بچاؤکے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کی پابندی نہ کرنے والے ملازمین کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ وزارت انصاف نے بیان میں کہا کہ اجتماعات اور تقریبات کا انعقاد منع ہے، خلاف ورزی پر دسویں گریڈ اور اس سے کم درجے کے ملازمین کی کم از کم ایک ماہ کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔ گیارہویں گریڈ یا اس سے اوپر گریڈ کے ملازمین کو سالانہ الاؤنس سے محروم کردیا جائے گا۔دفاتر میں مصافحے پر کم از کم 5 دن کی تنخواہ کی کٹوتی کی سزا ہوگی۔ یہ سزا دسویں یا اس سے کم گریڈ یا اس جیسے گریڈ کے ملازمین کے لیے مقرر کی گئی ہے جبکہ گیارہویں اور اس سے زیادہ گریڈ والوں کو اس پر ملامت کا خط جاری کیا جائے گا۔وزارت انصاف نے خلاف ورزیوں کے اندراج اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف تادیبی کارروائی کا طریقہ کار بھی جاری کردیا ہے۔