نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی ریاست اْتر پردیش کے شہر وارانسی (بنارس) کے مندر میں پنڈتوں نے کورونا وائرس سے بھگوان کو بچانے کے لیے اْن کو ماسک پہنا دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کورونا وائرس دْنیا کے کئی ممالک کی طرح بھارت میں بھی پھیل چْکا ہے اور اِس وائرس سے بچنے کے لیے بھارتی ہر ممکن احتیاطی تدابیر کرتے نظر آرہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک پورے بھارت میں کورونا وائرس کے 46 کیسز سامنے آچکے ہیں، اِس حوالے سے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ بھارتیوں نے مندر کے بھگوان کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ماسک پہنا دیا ہے۔مندر کے پجاری نے کہا کہ جیسے ہم سردی کے موسم میں بھگوان کو گرم کپڑے پہناتے ہیں اور گرمی کے موسم میں بھگوان کے لیے ایئر کنڈیشن لگاتے ہیں اِسی طرح ہم نے کورونا وائرس کو بھگوان سے دور رکھنے کے لیے بھگوان کو ماسک پہنایا ہے۔مندر میں جگہ جگہ پوسٹرز بھی لگائے دیئے گئے ہیں جن پر درج ہے کہ کورونا کی وجہ سے بھگوان کو ہاتھ نہ لگائیں۔ پجاری نے کہا کہ اِس مندر میں جو بھی آتا ہے، وہ چاہتا ہے کہ بھگوان کو ہاتھ لگائے لیکن ہم نے مندر آنے والے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ بھگوان کو ہاتھ نہ لگائیں کیونکہ اِس سے کورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔واضح رہے کہ کورونا سے دنیا بھر میں اموات کی تعداد 4005 ہوگئی ہے جبکہ وائرس سے 112 ممالک متاثر ہوچکے ہیں۔