لندن(این این آئی)بریگزٹ کے بعد برطانیہ اگلے ماہ سے یورپی یونین کے عنابی رنگ کے پاسپورٹ کی بجائے نیلے رنگ کے پاسپورٹ کا اجرا شروع کر رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین نے 1988 میں تمام رکن ریاستوں کے پاسپورٹ کے لیے عنابی رنگ مختص کر دیا تھا اور تب سے اب تک یہ پہلا موقع ہو گا کہ برطانیہ میں نیلے رنگ کا پاسپورٹ جاری ہو گا۔ برطانوی حکومت نے تصدیق کی
کہ اگلے ماہ سے برطانیہ میں نیلے رنگ کا پاسپورٹ رائج ہو جائے گا۔برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل نے دوبارہ برطانیہ کے نیلے رنگ کے پاسپورٹ کی جانب لوٹ جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا تاہم یورپی یونین کے حامی حلقوں اور شمالی آئرلینڈ کے قوم پرست رہنماؤں نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے برطانوی شہریوں کو یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر لمبی قطاروں میں لگنا پڑے گا۔برطانوی حکومت کا کہناتھا کہ نیا پاسپورٹ نہایت ماحول دوست ہو گا، جس کی تیاری میں ہائیڈروکاربن گیسوں کا اخراج مجموعی طور پر صفر بنایا جائے گا، یعنی پاسپورٹ بنانے کے بدلے شجرکاری جیسے پروجیکٹ شامل کیے جائے گے، تاکہ جتنی کاربن ڈائی آکسائیڈ ان پاسپورٹوں کی تیاری میں پیدا ہو، اتنی ہی کاربن ڈائی آکسائیڈ درختوں کے ذریعے جذب کر لی جائے۔