اسلام آباد(آن لائن)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے 349.2 ملین ڈالر کے منافع جات کی منتقلی کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 347.6 ملین ڈالر کے منافع جات / ڈیوڈنڈز وغیرہ کی بیرون ملک منتقلی کی گئی تھی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران پاکستان میں کی جانے والی غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی منتقلی میں 1.6 ملین ڈالر یعنی 0.46 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ایس بی پی کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاریوں کی جانب سے ستمبر 2019 کے دوران منافع جات کی منتقلی میں 76 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 134.5 ملین ڈالر کے منافع جات وغیرہ کی بیرون ملک منتقلی کی گئی ہے جبکہ اگست 2019 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 76.5 ملین ڈالر منافع جات کی مد میں بیرون ملک بھیجے تھے۔سٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق تیل و گیس کے شعبہ کی کمپنیوں نے 72.7 ملین ڈالر کے منافع جات کی منتقلی کی ہے جبکہ گزشتہ سال کے پہلے تین ماہ کے دوران شعبہ سے 55.5 ملین ڈالر کی منتقلی ہوئی تھی ۔اسی طرح ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے 10.4 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 35.7 ملین ڈالر جبکہ کیمیکل سیکٹر سے 17.6ملین ڈالر کے مقابلہ میں 48 ملین ڈالر کے منافع جات / ڈیوڈنڈز وغیرہ کی بیرون ملک منتقلی کی گئی ہے ۔