اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سحر تبار نامی ایرانی انسٹاگرام سٹار توہین مذہب اور تشدد پر اکسانے کے الزام میں گرفتار۔تفصیلات کے مطابق سحر تبار گزشتہ برس عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں میں آئیں تھیں جب ان کی کچھ تصاویر انسٹاگرام پر وائرل ہوئی تھیں، ان تصویروں میں سحر عام لڑکیوں سے بالکل مختلف نظر آرہی تھیں۔
بعدازاں یہ خبر منظر عام پر آئی کہ سحر تبار نے یہ روپ اختیار کرنے کے لیے 50 پلاسٹک سرجریز کروائی ۔ اس کے علاوہ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی زیادہ تر تصاویر کو بہت زیادہ ایڈیٹ کیا گیا تھا۔سحر تبار ایک 22 سالہ ایرانی خاتون ہیں جنہوں نے انسٹاگرام پر اپنی غیر معمولی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے عالمی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی جس کے بعد وہ انسٹاگرام اسٹار بھی بن گئیں۔سحر تبار کے انسٹاگرام پر مشہور ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ اپنی تصاویر میں انجلینا جولی کے ’’زومبی ورژن‘‘ سے مشابہت رکھتی تھیں۔پچکے گال، بڑے بڑے ہونٹ اور ایک کارٹون نما ابھری ہوئی ناک کی حامل سحر تبار نے اس وقت کاسمیٹک سرجری کے حوالے تشویش پیدا کی جب انہوں نے یہ کہا تھا کہ امریکی اداکارہ انجیلینا جولی سے مشابہت کے لیے انہوں نے درجنوں کاسمیٹک سرجریاں کروائی ہیں۔انسٹاگرام پر اپنے بڑھتے ہوئے فالورز کو حیران اور خوفزدہ کرنے کے بعد انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ ان کی تصاویر میں ظاہری شکل میک اپ اور ڈیجیٹل ایڈیٹنگ کی بدولت ہے اور یہ کہ دراصل انہوں نے خود کو ایک طرح کے فنی خاکے میں تبدیل کر لیا ۔ایرانی نیوز ایجنسی ’’تسنیم‘‘ کے مطابق عدالتی حکام نے تبار کو اس لیے گرفتار کیا کیونکہ عوام نے مبینہ طور پر ان کے خلاف شکایات کی تھیں۔ان پر توہین مذہب، تشدد پر اکسانے، غیر قانونی طور پر جائیداد کے حصول، ملک کے لباس کی توہین اور نوجوانوں کو بدعنوانی کرنے پر حوصلہ افزائی کرنے کا الزام ہے۔ ان کے انسٹاگرام اکائونٹ کو بھی ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے،اس اقدام پرایرانی حکام کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔