ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے پوری دنیا کے لوگوں کے لیے ملک میں سیاحت کے دروازے کھول دئیے گئے ۔ سیاحتی ویزے کا حصول بھی انتہائی آسان کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ سعودی حکومت نے یہ اضافی سہولت دی ہے کہ مملکت میں سیاحت کی غرض سے آنے والے غیرملکی مسلمان اسی عمرہ پر عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرسکیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق دنیا بھر کے سیاح اپنے
ملکوں میں سعودی عرب کے نمائندہ دفاتر، سفارت خانوں اور قونصل خانوں سے سیاحتی ویزے حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آن لائن بھی سیاحتی ویزے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ تاہم امریکا، ایشیا اور یورپ کے 49 ممالک کے سیاحوں کوآسان پیشگی شرائط کے تحت ویزے جاری کیے جائیں گے۔سعودی عرب کے محکمہ سیاحت و قومی ثقافتی ورثہ کے چیئرمین احمد ال خطیب نے کہا کہ مملکت دنیا بھر سے آنے والے تمام سیاحوں کے لیے سیاحتی ویزے جاری کرنا شروع کردیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاحتی ویزوں کا اجرا ملک میں روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا کرے گا۔سعودی سیاحتی ویزا کی ایک سب سے اہم خوبی یہ ہے کہ اسے بغیر کسی پیشگی شرط کے عمرہ کی ادائی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ خواتین کے لیے کسی محرم کا ساتھ ہونا ضروری نہیں۔ عمرہ کی سہولت حج سیزن کے علاوہ پورا سال میسر ہوگی۔سیاحتی ویزے میں کسی خاص مذہب یا عقیدے کی قید نہیں لگائی جائے گی۔ مسلمان زائرین سعودی عرب میں سیاحت کے ساتھ ساتھ عمرہ بھی ادا کرسکیں گے اور انہیں سیاحتی ویزے پر سعودی عرب میں 90 دن تک قیام کی اجازت ہوگی۔