لاہور( این این آئی)نامور اداکارہمایوں سعید نے کہا ہے کہ ہمارا ٹی وی ڈرامہ اور فلم بھی تبدیلی کے دور سے گزر رہے ہیں اور یہ خوش آئند ہے کہ ہمارے ہاں آنے والی تبدیلی مثبت ہے ، پاکستانی فلم کی عالمی مارکیٹ تک رسائی کیلئے ہمیں دوسرے ممالک کے ساتھ جوائنٹ ونچر کا تجربہ کرنا چاہیے جس سے سرمایہ کاری کا رجحان بھی فروغ پائے گا۔ ایک انٹر ویوہمایوں سعید نے کہا کہ ہمارے ٹی وی ڈرامے اور فلمیں شروع سے ہی معیار کے اعتبار سے بہت اچھے تھے اور ان میں گزرتے وقت کے ساتھ مزید بہتری اور تبدیلی آرہی ہے ۔ آج ٹی وی چینلز پر
درجنوں ڈرامے آن ائیر ہوتے ہیں لیکن ان کے موضوع مختلف ہوتے ہیں ۔ میں یہ ضرور کہوں گاکہ ہمیں معاشرے کے سلگتے مسائل کو اپنے پراجیکٹس میں زیادہ جگہ دینی چاہیے اور اصلاح کیلئے بھی کردار ہونے چاہئیں۔ ہمایوں سعید نے فلم انڈسٹری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں نئے لوگ آئے ہیں اور بہترین کام پیش کر رہے ہیں ۔ ہمیں اپنی فلم کی عالمی مارکیٹ تک رسائی کیلئے تگ و دو کرنی چاہیے جس کیلئے دوسرے ممالک کے ساتھ جوائنٹ ونچر کا تجربہ کرنا چاہیے جو یقینی طو رپر انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔