طرابلس(این این آئی)لیبیا میں جنرل خلیفہ حفتر کی فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد المسماری نے کہا ہے کہ سرکاری فوج اور قومی وفاق حکومت کی فورسز کے درمیان دارالحکومت طرابلس میں مختلف محاذوں بالخصوص العزیزیہ میں الکسارات کے مقام پر گھسان کی جنگ جاری ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ قومی وفاق حکومت طرابلس پر قبضہ قائم رکھنے کے لیے القاعدہ اور داعش سے مدد لے رہی ہے۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں جنرل حفتر کی فوج کے ترجمان نے کہا کہ قومی اتحاد کی حکومت کو داعش، القاعدہ اور دیگر اجرتی قاتل جنگجوؤں کی مدد حاصل ہے اور ان کی معاونت سے لڑ رہی ہے۔المسماری نے مزید کہا کہ قومی وفاق کی فورسز سرکاری فوج کے اندر گھسنے اور دہشت گردوں کے ذریعے حملے کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ سرکاری فوج کی فضائیہ کی مدد سے بری فوج طرابلس کی طرف مسلسل پیش قدمی کررہی ہے۔جنرل المساری کاکہنا تھاکہ ہفتے کے روز قومی اتحاد کی حکومت نے جنگی طیاروں، میزائلوں اور بھاری ہتھیاروں سے طرابلس میں مختلف اھداف پر بمباری کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فوج گھمسان کی لڑائی میں بھی طرابلس پرقبضے کیلیے مسلسل پیش قدمی کررہی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ طرابلس میں قومی وفاق حکومت کے زیرانتظام فوج اور پولیس کے تمام کیمپوں پر دہشت گردوں کا قبضہ ہے۔