اسلام آباد(نیو ز ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یو ایس اے کرکٹ نے بارہا آئین کی خلاف ورزی کی اور مؤثر گورننس سسٹم قائم کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث یہ قدم اٹھانا پڑا۔ تاہم معطلی کے باوجود امریکا کی ٹیم بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کی اہل ہوگی۔
آئی سی سی بورڈ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق یو ایس اے کرکٹ کو نیشنل گورننگ باڈی کا درجہ نہیں دیا جا سکا، اس لیے اس کی رکنیت معطل کرنا ناگزیر تھا۔ ادارے نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ افسوسناک ضرور ہے مگر کرکٹ کے بہتر مستقبل کے لیے ضروری تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ معطلی کے دوران امریکا کی قومی ٹیم کے انتظامی معاملات عارضی طور پر آئی سی سی خود سنبھالے گی، جب کہ اصلاحات پر نظر رکھنے کے لیے نارملائزیشن کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔آئی سی سی کے مطابق یو ایس اے کرکٹ کو اپنی رکنیت بحال کرانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ساتھ ہی ادارے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ امریکا میں کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے استحکام کے لیے پرعزم ہے۔