اسلام آباد(نیو ز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں ڈکیتی کی بڑی واردات پیش آئی جہاں مسلح افراد ملتان کے دو شہریوں سے ساڑھے 7 کلو سونا چھین کر فرار ہوگئے۔ لوٹے گئے سونے کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق ملتان کے رہائشی محمد اقبال اور محمد افضل ایک کوچ کے ذریعے ملتان سے کوئٹہ جا رہے تھے۔ ان کے پاس ایک بیگ میں ساڑھے 7 کلو سونا موجود تھا۔ جیسے ہی کوچ مسلم باغ کے قریب پہنچی، تین گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے گاڑی کو روک لیا۔
ملزمان نے متاثرہ شہریوں کو کوچ سے اتار کر اپنے ہمراہ لے جایا اور بیگ میں موجود سونا چھیننے کے بعد انہیں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ یہ سونا کوئٹہ میں مختلف خریداروں کو دینے کے لیے لے جا رہے تھے۔واقعے کی رپورٹ محمد اقبال اور محمد افضل کی درخواست پر لیویز تھانہ مسلم باغ میں درج کر لی گئی ہے، جبکہ حکام نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔