اسلام آباد(نیو ز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج عرب اور مسلم ممالک کے رہنماؤں سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں وہ غزہ میں جنگ کے بعد امن قائم کرنے اور گورننس کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن چاہتا ہے کہ عرب اور مسلم ممالک غزہ میں اپنی فوج بھیجنے پر تیار ہوں تاکہ اسرائیل کو انخلا میں سہولت مل سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا کی خواہش ہے کہ یہ ممالک فلسطین میں اقتدار کی منتقلی کے عمل اور تعمیر نو کے منصوبوں کے لیے مالی امداد بھی فراہم کریں۔رپورٹ کے مطابق آج ہونے والی ملاقات میں پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، اردن، ترکیہ اور انڈونیشیا کے سربراہان شرکت کریں گے۔
اس نشست میں اسرائیلی انخلا کے اصولوں اور جنگ کے بعد غزہ کے انتظامی ڈھانچے پر بات چیت کی جائے گی، جس میں حماس کا کوئی کردار شامل نہ ہو۔یاد رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے تصدیق کی تھی کہ صدر ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ کی پہلی ملاقات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ہو گی، جس کے بعد وہ پاکستان، سعودی عرب، یو اے ای، قطر، ترکیہ، مصر، اردن اور انڈونیشیا کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔