کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے طارق روڈکے ایک فلیٹ سے خواجہ سراکی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق طارق روڈ پر دوپٹہ گلی میں رہائشی عمارت میں نامعلوم ملزم نے خواجہ سرا کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس کے مطابق عینی نامی خواجہ سرا کو چھریوں کے وار سے قتل کیا گیاجس کے بعد کرائم سین یونٹ کی ٹیم نے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق قاتل موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا، جبکہ مقتول خواجہ سراکی لاش
جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔دوسری جانب فلیٹ سے ملنے والی خواجہ سرا کی لاش سے متعلق اہم انکشاف ہوا ہے، قتل ہونے والا خواجہ سرا نہیں بلکہ شبیر نامی شخص تھا جو اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے خواجہ سرا بن کر رہ رہا تھا۔شبیر کے 5 بچے ہیں اور وہ بلاول گوٹھ کا رہائشی تھا۔ مقتول کا تعلق رحیم یار خان سے تھا، اہلخانہ کے مطابق میت وہیں لے کرجا رہے ہیں ، تدفین کے بعد مقدمے سے متعلق پولیس سے بات کریں گے۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج کرلیا ہے۔