ریاض(این این آئی )سعودی عرب کے فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر حکومت نے سوڈان کے عازمین عمرہ سرکاری سطح پر میزبانی ان کی بہ حفاظت وطن واپسی کے لیے ہر ممکن اقدام کا اعلان کیا ہے،عرب ٹی وی کے مطابق شاہ سلمان کے حکم پر سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاھر بنتن نے عمرہ ٹور آپریٹرز کو سوڈان عازمین عمرہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے احکامات دیے ہیں، سعودی وزیر کی طرف سے کہا گیا کہ جب تک سوڈان میں فضائی، زمینی اور
بحری راستے کھل نہیں جاتے اس وقت تک سوڈانی عازمین عمرہ سعودیہ کے مہمان ہوں گے اور انہیں ہر ممکن سہولت اور خدمت فراہم کی جائے گی،خیال رہے کہ گذشتہ روز سوڈان میں فوج نے صدر عمر البشیر کو عہدے سے ہٹانے کے بعد اقتدار پر قبضہ کر لیا ہے. فوج نے موجودہ حالات کے پیش نظر 24 گھنٹے کے لیے فضائی، بری اور بحری آمد ورفت بند کر دی ہے. فضائی، زمینی اور سمندری راستوں کی بندش کے باعث سوڈانی عازمین عمرہ اور بیرون ملکی سے واپس ہونے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔