ٹوکیو(این این آئی )جاپانی حکام نے کہاہے کہ بحراوقیانوس سے لاپتہ ہو نے والے جاپانی جنگی طیارے ایف 35 کا ملبہ مل گیا ہے تاہم طیارے کے پائلٹ کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے اورنہ ہی یہ معلوم ہو سکا ہے کہ طیارہ تباہ ہونے کی کیا وجوہات تھیں۔
غیرملکی خبر رساں دارے کے مطابق جاپانی وزیر دفاع تاکیشی لوایا نے کہا کہ ہمیں جنگی طیارے کی دم کے کچھ حصے ملے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ تباہ ہوا ہے۔یہ جنگی طیارہ منگل کی شام جاپان کے شمال مشرقی شہر مساوا کی ایئربیس سے اڑان بھرنے کے 30 منٹ بعد ریڈار سے غائب ہو گیا تھا۔تاکیشی لوایا نے کہا کہ لاپتہ ہونے والے پائلٹ نے ایئربیس کو مشن ختم کرنے کا پیغام بھیجا تھا، لیکن اس کے فوری بعد ان کے ساتھ مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔نیوز ویب سائٹ کیودو کے مطابق امدادی ٹیمیں 40 سالہ پائلٹ کو ڈھونڈنے کے لیے تلاش جا ری رکھے ہوئے ہیں۔جاپان اپنے فضائی بیڑے میں ایف 4جنگی جہازوں کی جگہ نو کروڑ ڈالر مالیت کے ایف 35 طیاروں کو شامل کر رہا ہے، لیکن اس حادثے کے بعد جاپانی حکام نے باقی بارہ جہازوں کو عارضی طور پر پرواز کرنے سے روک دیا ہے۔خیال رہے کہ یہ طیارہ صرف ایک سال پرانا تھا اور اس سے قبل اسی طرح کا ایک اور جہاز بھی امریکہ میں گر چکا ہے۔