کوہاٹ (این این آئی)وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے ایک بار پھر بھارت پرواضح کیا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمارے دروازے دنیا بھر کی مہمان نوازی کے لیے کھلے ہیں، دنیا کو باور کرائیں گے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، قبائلی عوام کے مسائل حل کریں گے، موجودہ حکومت قبائلی عوام کو گلے لگا رہی ہے، دہشت گردی اور شدت پسندی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،
پاکستان کے تمام ادارے اور پورا ملک ایک پیچ پر ہیں۔ بدھ کو کوہاٹ میں وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سیاحت کے لئے دروازے کھول دیے ہیں ، ویزوں کے اجراء میں آسانیاں پیدا کردی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میڈیا سے درخواست ہے کہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سول اور آرمڈ فورسز کو سلام ہے ان کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن بحال ہوا،قبائلی علاقوں کو دوسرے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کیلئے فاٹا مرجر ہوا ہے،پاکستان کی موجودہ حکومت قبائلی عوام کو گلے لگا رہی ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستانی عوام مہمان نوازی میں پوری دنیا میں مشہور ہے ، یہاں اس تقریب میں تین اہم ممالک کے سفارتکار موجود ہیں جو صرف دو گھنٹے پہلے بتانے پر بھی اس تقریب میں آئے ہیں ، بھارت سمیت ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پر امن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں ، بھارت کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، کسی کی ڈکٹیشن نہیں لیں گے دنیا کو باور کرائیں گے کہ پاکستان میں امن بحال ہو چکا ہے۔