لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ویژن سے خالی نیازی حکومت کی نوازشریف کے شروع کردہ سی پیک کیخلاف سازشیں کامیاب نہیں ہونگی، سلیکٹڈ حکمرانوں نے پہلے بیگم کلثوم کی بیماری کا مذاق اڑایا تھا اب نواز شریف کی تضحیک کی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمدپرویز ملک ،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے پارٹی آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف کا شروع کردہ سی پیک منصوبہ ایک حقیقت بن چکا ہے، سی پیک ایک کامیاب حقیقت بن چکا ہے، جس نے پاکستان کا امیج تبدیل کر دیا،سی پیک نے وفاق، صوبوں، سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، سی پیک سے پرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کا خواب پورا ہو گا۔ سی پیک کی وجہ سے کئی بند منصوبوں پر نیازی حکومت دوباہ کام شروع کرنے پر مجبور ہے۔رہنمائوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے پہلے کلثوم نواز کی بیماری کا بھی مذاق اڑایا تھا اور اب میاں نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑایا جا رہا ہے،حکمران میاں نواز شریف کے ساتھ جو سلوک کررہے ہیں ،اگر انہیں کچھ ہو گیا تو حکمرانوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔رہنمائوں نے مزید کہا کہ حکمران (ن) لیگ کے دور میں شروع کئے جانے والے پراجیکٹس پر اپنا نام لکھوانے کی کوشش کرہے ہیں ،ہت ہے تو لوگوں کو بتائیں کہ یہ پچھلی حکومت کے پراجیکٹس ہیں جو کہ ملکی مفاد کے لئے بہترین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسہ ہے کہ بہت جلد میا ں نواز شریف بھی ہمارے درمیان ہوں گے۔