اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بھارتی ایجنٹ کے طور پر کام کررہے ہیں اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پاکستان کو دنیا کی نظروں سے گرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ والد سمیت خود کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے جاتا دیکھ کر ریاست کو
بلیک میل کرنے کی کوشش میں ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ ان کے بیانات سے بھارتی میڈیا کو پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کا موقع ملے گا۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عوام مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ بلاول بھٹو بھارتی میڈیا کے پاکستان مخالف پراپیگنڈے کو جلا بخش رہے ہیں۔ ان کے حالت قابل رحم ہے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات ملک دشمنی کے ضمرے میں آتے ہیں جبکہ بلاول بھٹو اپنی عمر اور تجربے سے بڑی باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فالودے والے سے لیکر کچوری والے تک لوٹی ہوئی دولت کے اثرات کے باعث ان کی عقل جواب دے چکی ہے اور وہ سیاسی طور پر اپنا امیج تباہ کررہے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بلاول بھٹو خود کو اور اپنے والد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے جاتا دیکھ کر ریاست کو بلیک میل کرنے کی کوشش کے طورپر بھارتی میڈیا کی زبان بول رہے ہیں جس سے بھارتی میڈیا کو پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کہ جہاد کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں جس مسلمان کا جہاد پر یقین نہیں ہے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔