لاہور (آن لائن) سیشن عدالت نے بیرون ملک منشیات سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار غیر ملکی ماڈل ٹریسا کو 8 سال 8 ماہ قید اور ایک لاکھ 13ہزار337 روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے شریک ملزم شعیب نیازی کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔ عدالتی فیصلہ سننے کے بعد غیر ملکی ماڈل پھوٹ پھوٹ روتی رہی۔ غیر ملکی ماڈل ٹریسا ہلسکووا پر بیرون ملک ساڑھے آٹھ کلو منشیات سمگل کرنے کا جرم ثابت ہوگیا۔
ایڈیشیل سیشن جج شہزاد رضا نے ملزمہ کو آٹھ سال آٹھ ماہ قید اور ایک لاکھ 13 ہزار 337 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر غیر ملکی ماڈل کو 8 ماہ 20 دن مزید قید کاٹنا ہو گی۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد شریک ملزم شعیب نیازی کو شک کی بنیاد پر بری کرنے کاحکم بھی دیا۔ عدالتی فیصلہ سننے کے بعد ہمیشہ خوشگوار موڈ میں نظر آنے والی غیر ملکی ماڈل ٹریسا اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ غیر ملکی ماڈل ٹریسا کے خلاف پراسیکوشن نے اپنا کیس ثابت کیا ہے جبکہ ملزمہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملزمہ کو ثابت کرنا تھا کہ پکڑی گئی ہیروئن اس کے دعوے کے مطابق اس کی نہیں لیکن ملزمہ اپنا موقف ثابت کرنے میں ناکام رہی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مجرمہ مقررہ وقت میں ہائی کورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتی ہے۔عدالت نے مقدمے کے شریک ملزم شعیب کو بری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم شعیب کے خلاف ٹھوس ثبوت پیش نہیں کئے جا سکے اس لئے اسے شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا جاتا ہے۔ ادھر غیر ملکی ماڈل کے وکیل نے عدالتی فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ عدالت نے ماڈل کے خلاف فیصلہ 12 مارچ کو محفوظ کیا تھا۔
مجرمہ کو 10 جنوری 2018 کو ساڈھے آٹھ کلو ہیروئن لاہور ائیر پورٹ سے سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دوران سماعت مجرمہ کے خلاف نو گواہان نے شہادتیں ریکارڈ کروائیں۔ غیر ملکی ماڈل کے ساتھ چار مزید ملزمان کو نامزد کیا گیا جن میں سے تین اشتہاری ہیں اور ایک شعیب کو عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم سنایا ہے۔ فیصلے کے بعد ملزمہ کو سخت سکیورٹی میں واپس بخشی خانے اور وہاں سے واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر یورپی ملک چیک ریپبلک کے سفارت خانے کی ڈپٹی سیکرٹری بھی موجود تھیں۔