نئی دہلی(این این آئی) مودی حکومت دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے بالاکوٹ پر مبینہ فضائی حملہ کے بعد مولانا مسعود اظہر کو عالمی دہشت گر د قراردینے کے معاملے سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی ہرممکن کوشش کر رہی تھی لیکن تازہ پیش رفت سے اسے مایوسی ہاتھ لگی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق اس پورے معاملے میں ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بی جے پی حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے حکومت کی سٹریٹیجک اور سفارتی ناکامی قرار دیا اور کہا
کہ مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی ایک بار پھر اجاگر ہوگئی ہے۔ پارٹی کے اعلٰی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں لکھاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آج پھر ایک مایوس کن دن ہے۔ 56 انچ والی گلے ملنے کے سفارت کاری (ہگپلومیسی) اور جھولا جھولنے کے کھیل کے بعد بھی چین پاکستان کا اتحاد بھارت کولال آنکھ دکھا رہا ہے۔ ایک بار پھر ایک ناکام مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی اجاگر ہوئی۔