تہران(این این آئی)ایرانی صدر حسن روحانی نے ملک کی معاشی زبوں حالی کا رونا روتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس وقت اقتصادی اور نفسیاتی بحران سے گذررہا ہے، وہ معیشت کی کشتی کو کنارے لگانے کے لئے سپریم لیڈر کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں۔ ایران کے دیگر معاشی مسائل میں ایک بڑا مسئلہ اشیائے صرف کی اسمگلنگ ہے اور اس دھندے میں پاسداران انقلاب کا ہاتھ سمجھا جاتا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق شمالی ایران کے لاھیجان شہر میں ایک جلسہ عام سے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ہم نے اشیاء اسمگلنگ کی
روک تھام کی ذمہ داری پاسداران انقلاب کو سونپی ہے مگر پاسداران انقلاب اسمگلنگ کی 10 میں سے صرف ایک کوشش ناکام بنا پائی ہے۔ لگتا ہے کہ اسمگلنگ کا جن بوتل سے باہر نکل چکا ہے اور اسمگلنگ کی روک تھام ایک مشکل کام بن چکا ہے۔صدر حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ بعض لوگ ایران سے عراق کے لیے اسمگلنگ کرتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا ایرانی درآمدات کے بدلے میں ڈالرکہاں سے آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم سرحد پر دینار فروخت کرتے ہیں۔ ہمیں ڈالر نہیں ملتے مگر ہم جانتے ہیں کہ اسمگلر ڈالر وصول کرتے ہیں۔