انقرہ(این این آئی)ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے امریکا کی طرف سے روسی فضائی دفاعی نظام ایس 400کی خریداری کی کوششوں پر دھمکی اور دباؤ مسترد کردیا ہے اورکہاہے کہ ترکی روس سے فضائی دفاعی نظام ایس400کی خریداری کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اس کے بعد اگلے مرحلے میں ترکی روس سے ایس 500دفاعی نظام خریدنے پر بھی غور کرے گا۔خیال رہے کہ امریکا نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس سے اس کا تیار کردہ ایس 400 دفاعی نظام خرید کیا تو امریکا ،ترکی کے ساتھ
ایف35طیاروں کی تیاری کا معاہدہ منسوخ کردے گا۔ امریکا کا کہنا تھا کہ روس کاایس 400 دفاعی نظام نیٹو کے رکن ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔امریکا کے اس دھمکی آمیز بیان کے جواب میں ترک صدر جب طیب ایردوآن نے کہا کہ امریکا ترکی کو تجارتی اقدامات کے ذریعے سبق نہ پڑھائے۔ ترکی کے اپنے تیار کردہ تجارتی اور دفاعی منصوبے ہیں۔شام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ شمالی شام میں سیف زون کے قیام کی نگرانی کسی دوسرے ملک کو دینے کی تجویز قبول نہیں کی جائے گی۔