بغداد(این این آئی)عراق کے صدر برھم صالح نے کہا ہے کہ داعش کے ساتھ تعلق کے الزام میں گرفتار فرانسیسی جنگجوؤں کے خلاف عراق کی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔عراقی صدر نے ان خیالات کا اظہارایک مقامی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ فرانسیسی داعشی دہشت گردوں نے عراق کی سرزمین پر جرائم کا ارتکاب کیا۔ ان کے خلاف مقدمات بھی عراق کی عدالتوں میں چلائے جائیں گے۔ ان کہنا تھا کہ پولیس نے فرانسیسی شہریت رکھنے والے 13 داعشی دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عراقی صدر نے توقع ظاہر کی کہ پناہ گزینوں کے بحران کے حل کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر بغداد کی مدد کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف فتح کوئی معمولی بات نہیں۔ عراق پوری دنیا کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہاہے۔عراق کے صدر برھم صالح کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق اور شام کے درمیان عسکری تعاون موجود ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عراق اور شام کی سرحد پر بعض علاقوں میں داعش کے جنگجو بدستورموجود ہیں۔