پشاور(این این آئی)مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع میں 650 تعلیمی اداروں کو فنڈ جاری کر دیے گئے ہیں اور آئندہ چھ مہینوں میں 350 سکول فعال ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہاہے کہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا جلد قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے لیے بھرتیاں کرنے کے لیے اشتہار جاری کرے گی۔ پہلے فیز میں 2500 اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے
دوسرے فیز میں مزید 4000 اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے۔مشیرتعلیم ضیاء اللہ بنگش کاکہناہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر موجودہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع میں تعلیم کے شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ قبائلی اضلاع میں آئی ٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کو مزید فروغ دینے کے لیے آئی ٹی لیبز اور سائنس لیبز قائم کئے جارہے ہیں۔