نیویارک(آن لائن) دنیا کے طاقتور ترین ممالک کی فہرست جاری کردی گئی ، جس میں امریکہ کو دنیا کا سب سے با اثر ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ویب سائٹ یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ رینکنگز کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست میں کسی ملک کے اقتصادی و سیاسی اثر و رسوخ کو مد نظر رکھا جاتا ہے، اس کے علاوہ اس ملک کے عالمی تعلقات، اس کے اتحادیوں، فوجی قوت اور عالمی سطح پر کردار کو بھی دیکھا گیا ہے۔
دنیا کے طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں 80 ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے جس کیلئے یونیورسٹی آف پنسلوانیا کی معاونت حاصل کی گئی۔یونیورسٹی کی جانب سے فہرست میں شامل 80 ممالک کے 20 ہزار لوگوں سے سروے کیا گیا جس کے بعد ان کی درجہ بندی کی گئی ہے۔طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں امریکہ اپنے اثرو رسوخ اور سب سے بڑی معیشت کے باعث دنیا کا طاقتور ترین ملک قرار پایا ہے، جبکہ امریکہ سے بھی زیادہ ایٹمی ہتھیار رکھنے والاروس دوسرے نمبر پر ہے۔دوست ملک چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے، لیکن طاقتور ممالک کی فہرست میں یہ تیسرے نمبر پر آیا ہے۔ یورپی یونین کے سب سے بڑی آبادی اور معیشت کے حامل ملک جرمنی کو چوتھے اور ایک عرصے تک دنیا پر حکمرانی کرنے والے برطانیہ کو پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔اس فہرست میں بھارت کا نمبر 17 واں ہے جبکہ پاکستان کو 22 واں طاقتور ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔دنیا کے طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں 19 مسلمان ممالک شامل ہیں۔ مسلم امہ میں سب سے طاقتور سعودی عرب کو قرار دیا گیا ہے، جس کا نمبر نواں ہے۔فہرست میں متحدہ عرب امارات 11 ویں، ایران 13 ویں، ترکی 16 ویں اور عراق کو 19 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں امریکہ، روس، چین، جرمنی، برطانیہ، فرانس، جاپان، اسرائیل، سعودی عرب، جنوبی کوریا، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، ایران، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، ترکی، بھارت، اٹلی، عراق، سنگاپور، سویڈن، پاکستان، اسپین، قطر، بیلجیئم شامل ہیں۔