برسلز(این این آئی)سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیرنے کہاہے کہ ہم ایک ایسے نتیجے کے منتظر ہیں جو شام کی خودمختاری اور وحدت کو تحفظ دے اور وہاں سے غیر ملکی افواج کے انخلا کو یقینی بنائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق الجبیر شام کے معاملے کو زیر بحث لانے کے لیے عرب اور یورپی ممالک کے وزراء کی کانفرنس کے سلسلے میں برسلز میں ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اپنے عرب برادران کے
ساتھ ایک ایسے نتیجے کے واسطے مشاورت کر رہے ہیں جس میں بین الاقوامی قرارداد 2254 کا نفاذ شامل ہو۔ سعودی وزیر نے باور کرایا کہ یورپی اور عرب ممالک کو دہشت گردی اور شدت پسندی کے انسداد میں مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے۔اس موقع پر عرب لیگ کے سکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے بغیر مشرق وسطی ہر گز مستحکم نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی حل شام کے بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔