تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد پر حزب اللہ ملیشیا کی جانب سے کھودی گئی پانچویں سرنگ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ فوج نے سرحد پر حزب اللہ کی سرنگ کی نشاندہی کے بعد اسے دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا ہے۔ لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر حال ہی میں شروع کیے گئے آپریشن میں تباہ کی جانے والی یہ پانچویں سرنگ ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد پرسرنگوں کی نشاندہی اور ان کی تباہی کے لیے چار دسمبر کو شمال کی ڈھال کے نام سے ایک آپریشن شروع کیا تھا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز تباہ کی جانے والی سرنگ عیتا الشعب قصبے کے اندر سے کھودی گئی تھی۔صہیونی فوج نے سرحد پر سرنگوں کی کھودائی کی ذمہ داری لبنانی حکومت پر عائد کرتے ہوئے اسے قرارداد 1701 کی خلاف ورزی اور اسرائیل کی خود مختاری کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔