اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مکہ ریجن میں پاکستانی محنت کش نے اپنی جان داﺅ پر لگاکر سعودی شہری کی جان بچالی، گوجرانوالہ کے شکیل احمد کو گورنر مکہ خالد بن فیصل السعود نے انعام اور اعزاز سے نوازا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مکہ ریجن میں سیلابی ریلا سعودی شہری کو گاڑی سمیت بہا لیے جا رہا تھا، خوف کے عالم میں لوگ دورسے کھڑے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔ایسے میں ایک پاکستانی شکیل احمد
اپنا شاول لے کر منہ زور ریلے میں داخل ہوگیا اور اس نے ایک سعودی شہری کو بہنے سے بچا لیا۔شکیل کی جرأت اور انسان دوستی کے اعتراف میں گورنر مکہ مکرمہ کی طرف سے اعزاز اورانعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔شکیل احمد کا کہناہے کہ وہ یہ انعامی رقم چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ میں جمع کرائے گا۔واضح رہے کہ اس وقت سعودی عرب سمیت کئی عرب ممالک شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں۔