پیرس(نیوزڈیسک)فرانس میں کن کے مقام پر ایک بار پھر دنیا کا مقبول ترین فلمی میلہ سج رہا ہے۔ اس بار اس بارہ روزہ میلے کا آغاز اس میلے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون ہدایتکارہ کی فلم سے ہو رہا ہے۔اپنی نوعیت کے اس اڑسٹھ ویں میلے کے موقع پر دنیا بھر کے فلمی ستاروں کا جھرمٹ دیکھنے کو ملے گا۔ ایک بار پھر یہ میلہ شہر کے آرٹ ہاوس سینما گھروں میں دنیا کے مختلف ملکوں کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ کی بھی ہنگامہ خیز فلموں کی اسکریننگ کا ایک انوکھا موقع فراہم کرے گا۔ ’کن فلم فیسٹیول‘ ہر سال کی طرح اس بار بھی اپنی پوری آب و تاب اور چمک دمک کے ساتھ فرانسیسی ساحلی تفریحی مقام کن میں ب±دھ تیرہ مئی سے شروع ہو رہا ہے اور چوبیس مئی تک یعنی پورے 12 روز تک جاری رہے گا۔کان فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر تھیری فریموکس نے اس میلے کے افتتاح کے موقع پر نیوز ایجنسی روئٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’ہم اس نقشے پر نئے نام ثبت کر رہے ہیں اور ہم 12 روز تک اس پر نظر رکھیں گے کہ اس کے کیا نتائج برآمد ہوتے ہیں‘۔