ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارت کے براڈ کاسٹ کونٹینٹ کمپلینٹ کونسل نے بھارتی چینل زندگی کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے پاکستانی ڈرامہ ” وقت نے کیا کیا حسین ستم“ نشر کرنے پر جواب طلب کیا ہے۔ ادارے کے سربراہ جسٹس مکل مڈگل کے مطابق ادارے کو ناظرین کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے مطابق بھارتی عوام کو مذکورہ ڈرامے کے مواد پر اعتراض ہے اس لئے متعلقہ حکام22مئی کو حاضر ہوں اور وضاحت پیش کریں۔ یہ ڈرامہ تقسیم کے پس منظر میں تحریر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب زندگی چینل جو کہ زی ٹی وی چلانے والے ادارے کی ملکیت ہے ، کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اس حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس ڈرامے میں مرکزی کردار اداکار فواد خان نے ادا کیا ہے اور ڈرامے میں بانی پاکستان محمد علی جناح اور دیگر مسلم لیگی اکابرین کو کانگریسی تعصب کیخلاف نبردآزما دکھایا گیا ہے۔