لاہور(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے قصورمیں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے پر ن لیگ کے ایم این اے شیخ وسیم اورایم پی اے نعیم صفدرسمیت 6 ملزمان پرفردجرم عائدکر دی جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہر علی نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی کے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کی جانب سے (ن) لیگ کے
ایم این اے شیخ وسیم اورایم پی اے نعیم صفدرسمیت 6 ملزمان پرفردجرم عائدکر دی گئی ، پراسیکیوٹر نے عدالت میں فرد جرم پڑھ کر سنائی تو ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا کہ تمام ملزمان 7روز میں جواب جمع کرائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر ملزمان نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کا کوئی دفاع نہیں ، وہ اپنے فعل کی معافی مانگتے ہیں۔جمعہ کو سماعت کے دوران ملزم جمیل خان نے کہا کہ ان سے غیر دانستہ طور پر غلطی ہوگئی انہیں معاف کردیا جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ تمہارا لیڈر بھی سارا دن یہی کام کرتا ہے، یہ کورٹ آف لا ہے ، کسی کے خلاف فیصلہ نہیں ہوگا۔ لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف ریلی کے کیس کی مزید سماعت 18 مئی تک ملتوی کردی۔