لاہور (نیوز ڈیسک) گارڈن ٹاؤن میں تربیتی طیارہ کے حادثہ کی تحقیقات میں نیا موڑ سامنے آگیا، ابتدائی تحقیقات میں جہاز کے زیر تربیت کپتان محمد ہشم کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیدیا گیا۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نجی فضائی کمپنی ’’زیڈ فور‘‘نے حادثے کے شکار جہاز کی اڑان بھرنے سے پہلے کی تصاویر سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ کو جمع کروا دیں ۔’’سیسناالٹرالائیٹ‘‘ چھوٹا جہاز ہے، تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کی بائیں نشست پر سینئر انسٹرکٹر کپتان محمد فہیم جبکہ دائیں نشست پر زیر تربیت
پائلٹ محمد ہشام سوار ہے۔اڑان سے پہلے کپتان نے کنٹرول زیر تربیت پائلٹ کے حوالے کر دیا، اسی لئے حادثے کے وقت جہاز کا کنٹرول محمد ہشم کے پاس تھا، کم تجربے کے باعث معاون کپتان کا جہاز پر کنٹرول ختم ہو گیا، سینئر انسٹرکٹر نے سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن چند ہی لمحوں بعد تربیتی طیارہ فضا سے زمین پر آ گرا اور دیکھتے ہی دیکھتے جل کر خاکستر ہوگیا۔واضح رہے کہ منگل کے روز لاہور کے علاقے گارڈ ن ٹاؤن میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم خوشی قسمتی سے دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔