کراچی(این این آئی)معروف مذہبی اسکالر وجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ رمضان ٹرانسمیشن کو شریعت کے مطابق ترتیب دی جائے، ریٹنگ بڑھانے کیلئے متنازع یا علم دین سے بے خبرافراد کو میزبانی دینا مذہب کی توہین کے مترادف ہے شریعی حدود میں رہ کر کاروبار کی اسلام حوصلہ افزائی کرتاہے،پیمراچینل مالکان کو بامقصد تفریحی واصلاحی پروگرام پیش کرنے کا پابند بنائے۔پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ
رمضان المبارک کیلئے کچھ ہی دن باقی رہے گئے ہیں رمضان میں جہاں ذخیرہ اندوز ی گراں فروشی عروج پر پہنچ جاتی ہے وہی پر ٹی وی چینلزمیں دین سے لاعلم اور متنازع کردار رمضان ٹرانسمیشن میں میزبانی کررہے ہوتے ہیں جو تبلیغ یا اصلاح معاشرہ کا سبب بنے کے بجائے فتنے اور فحاشی کو پھیلانے کا سبب بنتے ہیں جس کے برے اثرات ہمارے معاشرے پر پڑھ رہے جو نسل نوکی مذہب اور دین دوری کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ جو لوگ سال بھر چینل پر ماڈلنگ ، موسیقی، رقص اور دیگر معاملات میں مشغول ہوتے ہیں رمضان آتے ہی انہیں دین کے ٹھکیدار بناکر پیش کیا جاتاہے ۔رمضان المبارک اللہ کی طرف سے مغفرت وبخشش کا سنہرا موقع ہے،اس کو کمائی کا سیزن اورٹی وی چینلز میں ماہ فیشن بناکر پیش کرنے کے ساتھ مختلف کھیل کود اور تماشوں سے اس کے تقدس کو مجروح کیاجاتاہے،انہوں نے کہاکہ ٹی وی چینلز مالکان اشتہارات وریٹنگ کی جنگ کو اس کی حدود تک محدود رکھیں،اسلام کاروبار سے منع نہیں کرتابلکہ شریعی حدود میں رہ کر کاروبار کی حوصلہ افزائی کرتاہے ،جو لوگ عارضی فوائد کیلئے نظریات کا سودا کرنے والے سراسر گھاٹے کا سودا کررہے ہیں۔ مفتی محمدنعیم نے کہاکہ پیمرا ابھی سے ہی چینل مالکان کو بامقصد تفریحی واصلاحی پروگرام پیش کرنے کا پابند بنائے۔