کراچی(سی پی پی) رواں مالی سال 2017-18 کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے زرعی شعبہ کو فراہم کردہ قرضوں کی شرح میں 42 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں جولائی تا جنوری 2017-18 کے دوران کمرشل، سپیشل، اسلامی، مائیکرو فنانس بینکوں اور مائیکرو فنانس کے مختلف اداروں کی جانب سے زرعی شعبہ کو 499.645 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔
جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 351.358 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔اس طرح گذشتہ مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران زرعی شعبہ کو فراہم کردہ قرضوں کے حجم میں 42 فیصد یعنی 148.287 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کیلئے وفاقی حکومت نے زرعی شعبہ کے لئے قرضوں کے اجرا کا ہدف 1000 ارب روپے مقرر کیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کیلئے مقررہ ہدف 700 ارب روپے تھا۔