لاہور ( این این آئی) دنیا بھر میں بھارتی چاول کی مانگ میں کمی کے بعد پاکستانی چاول کی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے ۔ محکمہ زراعت نے کسانوں میں زرعی زہروں کے استعمال کے حوالے سے شعوری مہم شروع کر دی ہے ۔ دنیا بھر کی چاول درآمد کرنے والی کمپنیوں نے محکمہ زراعت کے اس اقدام کی تحسین کی ہے۔ چاول ایک اہم نقد آور فصل ہے۔ یہ فصل ہماری غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کے ذریعے زرمبادلہ کمانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پاکستانی باسمتی چاول اپنی خوشبو اور کوالٹی کی وجہ سے پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان دنیا میں چاول برآمد کرنے والے ممالک میں اہم مقام رکھتا ہے۔ پھپھوند کش زرعی ادویات ٹرائی سائیکلازول، کاربینڈازم اور تھائیوفینیٹ میتھائل کو ترک کرکے پاکستانی چاول کی مانگ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔دنیا بھر میں پیدا ہونے والے چاول پر زہریلی ادویات کا استعمال کم سے کم کیا جا رہا ہے۔ اس لئے اب پاکستان میں بھی اس حکمت عملی پر کام شروع ہوگیا ہے۔