کراچی(این این آئی)پی آئی اے کے سی ای او ڈاکٹر مشرف رسول سیاں نے کہاہے کہ قومی ایئرلائن جلد جرمنی کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی اور اس سلسلے میں مارکیٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔پی آئی اے کے سی ای او ڈاکٹر مشرف رسول نے یہ بات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر سے پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں کہی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے جرمن سفیر مارٹن کوبلر سے جرمنی میں پی آئی اے کی پروازیں شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔مشرف رسول نے جرمن سفیر سے پی آئی اے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے لیے یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی سرٹیفیکیٹ کی دوبارہ تصدیق کے حصول میں کردار ادا کرنے کو کہا۔جرمن سفیر نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی، تجارتی، سماجی اور دوستانہ روابط کے فروغ میں پی آئی اے نے اہم کردار ادا کیا ہے۔