اسلام آباد(ویب ڈیسک) آل پاکستان بزنس فورم نے درآمدات پر اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر ٹیکسوں میں اضافہ یا ڈیوٹی کا نفاذ نہیں کر سکتی ۔ حکومت نے اصل شراکت داروں کو اعتماد میں لئے بغیر 797 اشیاء بشمول صنعتی خام مال پر
ریگولیٹری ڈیوٹی کا نفاذ کر دیا ہے ۔ ہفتہ کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی نے کہا کہ تجارتی خسارے کو پورا کرنے کا یہ صحیح طریقہ نہیں ہے ، یہ صرف اور صرف نصف مالیاتی سال میں منی بجٹ کا اعلان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صنعتی خام مال اور مقامی پیداوار کی تیاری کیلئے درکار ساز و سامان پر درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس سے پیداواری لاگت میں اضافہ کے باعث درآمدات میں مزید کمی ہوگی ۔