اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سٹیٹ بنک آف پاکستان نے کہا ہے کہ بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بنک نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی واقع ہوئی ہے، موجود ایکسچینج ریٹ معیشت کے اشاریوں سے ہم آہنگ ہے، ریٹ میں کمی غیر ملکی ادائیگیوں کے توازن کو بہتر کرے گی۔ سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 108 روپے 25 پیسے کا ہوگیا ہے اور
مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 3.1 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ روپے کی قدر میں کمی بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کی وجہ سے ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کل 11 بجے قومی بینکوں کے صدور کا ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں مصنوعی اضافے سے پاکستانی روپے کو کمزور کیا جا رہا ہے، ایسے عناصر جو یہ کام کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کچھ بنک اور افراد موجودہ سیاسی صورتحال سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔