لندن(نیوز ڈیسک) وہ دو ٹیلیویڑن شوز کون سے ہیں جن کے فیس بک پر سب سے زیادہ چاہنے والے ہیں۔ پہلے نمبر پر ” دی سمپسنز “ ہے جس کے پسند کرنے والوں کی تعداد 6 کروڑ 96 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔چلیں مان لیا اب دوسرے نمبر پر آجائیے اس کا نام سن کر آپ کے کان کھڑے ہو جائیں گے۔ یہ ایسا شو ہے جس کا ریگولر رن 20 سال ہوئے ختم ہوچکا اور اس میں دیکھنے کے لیے صرف 14 قسطیں ہوتی ہیں جس میں بمشکل کوئی ڈائیلاگ ہوتا ہے۔ صرف ایک کامیڈین عجیب و غریب شکلیں بناتا، بڑبڑاتا اور اتنی ہی عجیب آوازیں نکالتا رہتا ہے۔جی ہاں فیس بک پر دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ پسند کیا جانیوالا شو ” مسٹر بین “ ہے جسے 6 کروڑ 15 لاکھ ناظرین دیکھ چکے اور پسند کر چکے ہیں جب کہ تازگی کے حامل انتہائی مقبول اسکرپٹ کے ساتھ پیش کیے جانے والے شو ” واکنگ ڈیڈ “ کو امریکن ٹیلیویڑن پر اس سے آدھی تعداد یعنی 3 کروڑ 19 لاکھ اور ” گیم آف تھرونز “ کو ایک کروڑ 44 لاکھ نے پسند کیا ہے۔مسٹر بین کے بے ڈھنگے، اپنے الٹے سیدھے انداز میں مگن رہنے والے کردار کو 35 سال پہلے رووان ایٹکنسن نے مصنف رچرڈ کرٹس کے تعاون سے تخلیق کیا تھا۔