منامہ (آئی این پی )ترک صدر رجب طیب اردگان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خلاف ناکام فوجی بغاوت کے بعد سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اولین عالمی لیڈر تھے جنھوں نے ان سے سب سے پہلے رابطہ کیا تھا اور ترکی کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے بحرین کے دورے کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے
ہوئے کہا کہ دہشت گردی شام اور خطے کا چہرہ تبدیل کررہی ہے اور قدیم عرب دارالحکومت میدان ہائے جنگ میں تبدیل ہورہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عراق اور شام میں رونما ہونے والے واقعات سے ترکی کے لیے خطرات پیدا ہوگئے تھے اور وہ خود کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات پر مجبور ہوگئے تھے۔اردگان نے کہاکہ ناکام فوجی بغاوت کے بعد سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اولین عالمی لیڈر تھے جنھوں نے ان سے سب سے پہلے رابطہ کیا تھا اور ترکی کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔