کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بحریہ کی امن مشقوں کا کل سے آغاز ہو رہا ہے۔ امریکہ، روس، فرانس، برطانیہ اور چین سمیت 36 ممالک کے جنگی بحری بیڑے شرکت کریں گے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جاپان کے 2 پی تھری سی اورین طیارے بھی مشقوں میں حصہ لیں گے۔ ان تمام ممالک کے بحری جہازآج کراچی پہنچ رہے ہیں۔ ترکی اور سری لنکا کے جہاز لنگر انداز ہو گئے ہیں
دیگر کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔بحری مشقوں کے دوران عالمی میری ٹائم کانفرنس بھی ہو گی جس میں شرکت کے لئے 70 سے زائد ممالک کے مندوبین کو دعوت دی گئی ہے۔ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے کہا ہے کہ امن مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ ان کا مقصد ضرورت پڑنے پر ایک دوسرے کی مدد کرنا ہے۔ نائب امیر البحر نے واضح کیا کہ اگر بھارت ہماری سمندری حدود میں جارحانہ عزائم لے کر آئے گا تو بچ کر نہیں جا سکتا۔