بیجنگ(آئی این پی )چین نے جاپان کو خبردار کیا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین کے معاملہ کو طول دینے سے گریز کیا جائے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ نے جمعرات کو جاپانی وزیر دفاع کے بحیرہ جنوبی کے حوالے سے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم جاپان کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ تاریخ سے سبق سیکھتے ہوئے بحیرہ جنوبی چین کے حوالے سے علاقائی امن وامان کے لئے کی جانے والی کاوشوں میں مسائل پیدا کرنے سے گریز کرے ۔
انہوں نے کہا کہ جاپان براہ راست فریق نہیں ہے ۔ آسیان ممالک بحیرہ جنوبی چین کے معاملہ پر خود اپنا موقف بیان کر سکتے ہیں ۔ جاپان آسیان ممالک کا ترجمان نہیں ہے ۔ چین اور آسیان ممالک مثبت سمت میں بحیرہ جنوبی چین کے معاملہ پر آگے بڑھ رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ جاپانی وزیردفاع تومومی انادہ نے کہا تھا کہ بحیرہ جنوبی چین اور آسیان ممالک کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔