اسلام آباد(این این آئی) پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات 8 میں سے مزید دو مبینہ ’انڈر کور ایجنٹس‘ بے دخل کر دیا گیا ۔دفتر خارجہ کے حکام نے تصدیق کی کہ بھارتی آئی بی کے ارکان، بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری پریس بلبیر سنگھ اور جیا بالن سینتھل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 3 بجے پرواز ای کے 615 کے ذریعے دبئی روانہ ہوگئے جہاں سے وہ بھارت چلے جائیں گے۔جیا بالن سینتھل بھی بھارتی سفارت
خانے میں اسٹاف آفیسر کے عہدے پر تعینات تھا کا اس کا تعلق بھی مبینہ طور پر بھارتی انٹیلی جنس بیورو سے ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی ہائی کمیشن کے را سے تعلق رکھنے والے 3 ’ایجنٹ‘ بذریعہ دبئی بھارت روانہ ہوئے تھے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے یہ اہلکار سفارت کاروں کے روپ میں پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔انوراگ سنگھ، مادھوان نندا کمار اور وجے کمار دو روز قبل بھارت واپس جاچکے ہیں۔بھارتی ہائی کمیشن کے 8 اہلکاروں میں سے 6 کا تعلق را جبکہ 2 کا تعلق بھارتی آئی بی سے بتایا گیا تھا۔دیگر 3 اہلکار امردیپ سنگھ بھٹی، راجیش
کمار اگنی ہوتری اور دھرمیندرا بذریعہ واہگہ روانہ ہوں گے۔تمام اہلکاروں کو پاکستان نے ملک چھوڑنے کی ہدایات کی تھیں۔