کھٹمنڈو(این این آئی)سارک ممالک کی صدارت کرنے والے ملک نیپال نے جنوبی ایشائی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایک سازگار ماحول قائم کریں تاکہ نومبر کے ماہ میں اسلا آباد میں میں سارک سمٹ منعقد کی جا سکے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیپال کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے جاری بیان میں کہاکہ آٹھ رکن ممالک میں سے چار نے کہہ دیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں 9 سے 10 نومبر کو منعقد ہونے والی سارک سمٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔نیپال کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام رکن ممالک ایک سازگار ماحول بنانے کی کوشش کریں تاکہ سارک سمٹ کے انعقاد کو ممکن بنایا جا سکے۔سارک تنظیم میں افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال، سری لنکا اور پاکستان شامل ہیں۔ اس تنظیم کی بنیاد سن 1985 میں رکھی گئی تھی جس کا مقصد علاقائی اقتصادی تعاون کو بڑھانا تھا۔ لیکن پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کی وجہ سے اقتصادی تعاون اور ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔