لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لائن آف کنڑول پرکشیدگی اورپاکستانی فنکاروں سے بھارت میں انتہائی رسواکن سلوک اورانڈیامیں پاکستانی ڈراموں کی بندش کے باعث پاکستانی سینماؤں سے بھارتی فلمیں ہٹنا شروع، ملک کے 20 سے زائد سینماؤں سے بھارتی فلمیں ہٹادی گئیں۔اس سے قبل بھارتی فلموں میں کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں کو بھارت چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں جس میں انتہا پسند ہندوں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ہم فلمیں ریلیز ہونے نہیں دینگے۔گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے، جبکہ پاکستان آرمی کی جوابی فائرنگ سے کم از کم آٹھ بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوان مجاہد برہانی مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ اور پیلیٹ گن کے استعمال سے اب تک 100 سے زائد کشمیری شہید جبکہ ہزاروں افراد اپنی بینائی جزوی یا مکمل طور پر کھو چکے ہیں۔