اسلام آباد (این این آئی)وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مردان دھماکوں کے حوالے سے نہ تو وزیرِداخلہ نے صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا اور نہ ہی اسے صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے، اس سلسلے میں میڈیا کے بعض حصوں میں شائع ہونے والی خبریں حقائق کے منافی ہیں۔ پیر کو وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہاکہ مردان دھماکوں کی پیشگی اطلاع کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر وزیرِداخلہ نے اس حد تک بات ضرور کی کہ اس ضمن میں دو تھریٹ الرٹ موصول ہوئے جو کہ وفاق نے بروقت صوبائی حکومت کے ساتھ شیئر کر دیئے تھے۔ترجمان نے کہا کہ میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے وزیرِداخلہ نے واضح طور پر کہا کہ دہشت گردی کے کسی واقعے کے بعد الزام تراشی کی بجائے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں وفاق، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں میں زیادہ اور بہتر کوارڈینیشن کی ضرورت ہے۔