اسلام آباد(نیوز ڈیسک)2 بارتوسیع کے باوجوداب تک عام انتخابات سے متعلق تمام شکایات نمٹائی نہیں جاسکیں اور الیکشن کمیشن نے ٹریبونل کی مدت میں تیسری بار توسیع پر غور شروع کردیا ہے۔ انتخابی دھاندلی سے متعلق شکایات تاحال نمٹائی نہیں جاسکیں ، الیکشن کمیشن کو ٹریبونلز کی مدت میں تیسری بار توسیع کرنی پڑر ہی ہے اور اس پر الیکشن کمیشن حکام نے کام شروع کردیا ہے۔ یہ الیکشن ٹریبونلز عام انتخابات دو ہزار تیرہ کی انتخابی دھاندلی سے متعلق شکایات کی سماعت کررہے ہیں۔ ان میں سب سے مشہور زمانہ این اے ایک سو بائیس لاہور کے حلقہ کی سماعت بھی شامل ہے جس میں عمران خان نے ن لیگ سے تعلق رکھنے والے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے ، اس کے علاوہ بھی ملک میں دیگر ایسے متعدد حلقے ہیں جہاں انتخابی دھاندلی سے متعلق شکایات پر سماعت جاری ہے ، انتخابی دھاندلی کی شکایات پر سماعت کرنے والے الیکشن ٹریبونلز کی تعداد گیارہ ہے جن میں کم و بیش اسی فیصد کیسز پر کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔